ایشیائی بنک کا انکار، پاکستان کا اپنے وسائل سے بھاشا ڈیم مکمل کرنے پر غور

21 اکتوبر 2012

اسلام آباد (عمران علی کندی/ نیشن رپورٹ) دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر فنڈنگ سے ایشیائی ترقیاتی بنک کے مسلسل انکار کے بعد پاکستان نے ان منصوبے کو اپنے وسائل سے مکمل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کیلئے امریکہ اور دوسرے ملکوں سے مدد بھی طلب کی جا سکتی ہے کیونکہ امریکہ نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لی تھی۔ ذرائع کے مطابق حکومت 2 کھرب روپے کے سکیورٹی بانڈز بھی ایشو کر سکتی ہے۔ نیشنل سیونگ ڈائریکٹوریٹ نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر اسے مناسب افرادی قوت فراہم کر دی جائے تو وہ حکومت کو اس منصوبے کیلئے 2 کھرب روپے کے فنڈز فراہم کر سکتا ہے۔ واضح رہے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 12 ارب ڈالر کے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایشیائی بنک نے پاکستان کو پیغام دیا تھا کہ وہ منصوبے میں اس صورت میں دلچسپی لے گا جب عالمی بنک اس منصوبے میں شامل ہو گا تاہم عالمی بنک نے اسے بھارت کی رضامندی سے مشروط کیا تھا۔