رقم لینے والے سیاستدانوں کو نااہل قرار دیا جائے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیسے لینے والے سیاستدانوں کو نااہل قرار دیا جائے کیونکہ ایسے لوگوں کو سیاست کرنا زیب نہیں دیتا، پاکستان اور بھارت میں کشمیر اور پانی سمیت تمام تنازعات پرامن طور پر جلد حل ہونے چاہئیں، شہباز شریف حکومت نے محکمہ صحت کو برباد کر دیا ہے، ڈاکٹر ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز بارے ان کی نیت درست نہیں۔ وہ بھارتی صحافیوں اور ینگ ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے چودھری شجاعت حسین کو اور مجھے ملاقات کیلئے بلایا اور الیکشن کیلئے فنڈز دینے کی آفر کی تھی مگر ہم نے صاف انکار کر دیا اور کہا تھا کہ ہم الیکشن خود ہی لڑتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر این آر او کیس کے فیصلہ کی طرح من و عن عمل ہونا چاہئے اس کیس میں جن سیاستدانوں کے نام آئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ضروری ہونی چاہئے، ان کو بے نقاب ہونا چاہئے۔ چودھری پرویز الٰہی نے بھارتی میڈیا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں امن دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے کشمیر اور دریائی پانی سمیت تمام تنازعات و مسائل پرامن طور پر حل کیے جا سکتے ہیں۔ وفد میں نیشنل کلب آف انڈیا نئی دہلی اور چندی گڑھ پریس کلب کے عہدیدار اور سینئر صحافی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کو جذبہ خیرسگالی اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے دورہ کی دعوت دی ہے۔ چندی گڑھ پریس کلب کے صدر سوگبیر سنگھ نے چودھری پرویزالٰہی کو شال کا تحفہ پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافیوں کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات پر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے صحافیوں کو بلاامتیاز چھت دی اس تاریخی اقدام پر صحافی ان کے بے حد مشکور ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ڈاکٹر محمد ارشد صدر چلڈرن ہسپتال کی قیادت میں ملاقات کی اور ڈاکٹروں کے خلاف قتل عمد کے جھوٹے مقدمات اور پنجاب حکومت کی دیگر زیادتیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ینگ ڈاکٹرز کو یقین دلایا کہ زیادتیوں کے خلاف ہم ان کے ساتھ ہیں ان کے مسائل کے حل کیلئے ایوان کے اندر اور باہر آواز بلند کریں گے۔