بیگم نصرت بھٹو کی پہلی برسی پرسوں منائی جائے گی

21 اکتوبر 2012


اسلام آباد (آئی اےن پی) پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ اور پارٹی کی سابق چیئرپرسن مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی پہلی برسی 23 اکتوبر کو منائی جائے گی ، پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں برسی کی تقریبات کے دوران بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت اور پارٹی کیلئے خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بیگم نصرت بھٹو اپنے دو صاحبزادوں شاہنواز بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل ہو جانے کے بعد شدید بیمار پڑ گئیں اور دوبئی میں کئی سال کومے میں رہنے کے بعد گزشتہ سال 23 اکتوبر کو وفات پا گئی تھیں۔ پیپلز پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ میں بیگم نصرت بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے کل پیر کو دوپہر ایک بجے قرآن خوانی ہوگی۔ سنٹرل سیکرٹریٹ کے منتظمین نے کارکنوں سے شرکت کی درخواست کی ہے۔