نئے ریلوے انجنوں کی خریداری میں بیورو کریسی رکاوٹ ہے: غلام بلور

21 اکتوبر 2012

لاہور (کامرس رپورٹر/ سٹاف رپورٹر/ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیرِ ریلوے غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرکے تاجر برادری کو ریلوے کی بحالی کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ وہ ریلوے سٹیشن پر بزنس ان اینڈ بزنس کیفے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں ابوذر شاد سے گفتگو کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین آفتاب احمد وہرہ اور میاں زاہد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں ابوذر شاد نے وفاقی وزیر ریلوے کو اُن اقدامات سے آگاہ کیا جو لاہور چیمبر تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اٹھا رہا ہے ۔ این این آئی کے مطابق غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ 137انجنوں کیساتھ ریلوے کا محکمہ چلانا مشکل ہے ، نئے انجنوں کی خریداری کیلئے حکومت سے بات کی ہے لیکن بیورو کریسی اس میں رکاوٹ ہے ۔ اصغر خان کیس میں کسی کو رقم دی نہ لی، سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا ہے ۔ علاوہ ازیں اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں ابوذر شاد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ غلام احمد بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ڈیڑھ سال میں ریلوے کی حالت بہتر ہو جائیگی، اصغر خان کیس میں شفاف تحقیقات سے جمہوریت کے چیمپئن بہت سے چہرے بے نقاب ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ گستاخ رسول کے قتل پر انعام کے اعلان پر آج بھی قائم ہوں، مجھ سے پارٹی اور حکومت نے استعفیٰ مانگا اور نہ ہی میں وزارت کے پیچھے بھاگنے والا ہوں، ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔

آئین سے زیادتی

چلو ایک دن آئین سے سنگین زیادتی کے ملزم کو بھی چار بار نہیں تو ایک بار سزائے ...