صدر نے پشاور ہائیکورٹ کے 3 ججوں پر مشتمل الیکشن ٹربیونل کی منظوری دے دی

21 اکتوبر 2012

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے ریٹرننگ افسروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کیخلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے الیکشن ٹریبونل کی منظوری دیدی ہے۔ ہفتہ کو صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ الیکشن کمشن نے پی پی 129 سیالکوٹ اور پی پی 133 نارووال میں ضمنی انتخاب کیلئے پشاور ہائیکورٹ کے ججوں جسٹس ناصر سعید شیخ، جسٹس محمد انوارالحق اور جسٹس عبدالستار اصغر پر مشتمل الیکشن ٹربیونل کی تجویز دی تھی جو ان حلقوں میں ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کیخلاف اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ ان حلقوں میں ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کئے جانے کیخلاف اپیلیں 2 نومبر کو جبکہ ان پر فیصلہ 6 نومبر کو کیا جائے گا۔