مسلم لیگ ن میں نئے چہرے آنے سے حکمران بوکھلا گئے: چودھری نثار

21 اکتوبر 2012


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی چودھری نثار احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں دن رات نئے چہروں کی آمد سے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ غربت‘ بیروزگاری‘ مہنگائی کے اس دور میں نوازشریف ہی واحد لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر عوام کو بلند معیار زندگی فراہم کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ممبر قومی اسمبلی چودھری محمود بشیر ورک کی قیادت میں گوجرانوالہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ تمام محب وطن محنتی اور ملک و قوم سے محبت کرنیوالے سیاسی‘ سماجی شخصیات ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر میاں نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا دامن صاف ہے۔ انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی خاطر میرٹ کا سلسلہ اپنے گھر سے شروع کیا ہے۔