آبی ذخائر کی صلاحیت میں 29 فیصد کمی ‘ زراعت اور بجلی کے شعبے شدید متاثر

21 اکتوبر 2012

اسلام آباد (آن لائن) ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کے ذرائع کی صلاحیت میں 29 فیصد کمی ہوئی ہے جس سے زراعت اور بجلی کے شعبے بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ وزارت پانی و بجلی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ڈیموں اور آبی ذخائر کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت تشویشناک حد تک کم ہو گئی ہے جس سے زراعت کا شعبہ بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ عہدیدار کے مطابق تربیلا ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 32 فیصد کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ اسکی حقیقی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 9.69مکعب ایکڑ فٹ ہے جبکہ موجودہ صلاحیت 6.56 مکعب ایکڑ فٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ چشمہ ڈیم اپنی مکمل صلاحیت سے محروم ہو گیا ہے۔ اسکی موجودہ صلاحیت 0.72ایم اے ایف سے کم ہوکر 0.26ایم اے ایف رہ گئی ہے اور ڈیم کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 64فیصد کمی ہوئی۔ عہدیدار نے کہا کہ مختلف سٹڈیز رپورٹیں تیار کی گئی ہیں تاکہ آبی ذخائر سے گار نکالی جا سکے تاکہ انکی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں کمی ہے پن بجلی کی پیداوار میں شدید کمی واقع ہوئی۔