70 ہزار سے زائد افراد نے قومی ترانہ پڑھا ‘ بھارتی ریکارڈ ٹوٹ گیا ‘ نیا قائم
لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر) پنجاب کے حب الوطنی سے معمور 70,000 سے زائد افراد نے اپنے وزیر اعلیٰ میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بھارت کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈکی دورکنی ٹیم نے بھی ورلڈ ریکارڈ بننے کا اعلان کر دیا ہے اس کا باقاعدہ اعلان ریس ڈیوس اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کیا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے قومی ترانہ پڑھنے والے افراد کی تعداد 42 ہزار 813 بتائی ہے جبکہ اس سے قبل بھارت کا یہ ریکارڈ 15 ہزار 243 افراد کا تھا۔ قومی ترانہ پڑنے کا نیا ریکارڈ 2013ءکی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام درج کر دیا جائے گا، عالمی ریکارڈ قائم ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی نیشنل ہاکی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے زوردار نعروں سے گونج اٹھا۔ اس عالمی ریکارڈ کی مانیٹرنگ کےلئے گیرتھ ڈیوز اور عمران جاوید پر مشتمل گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی دو رکنی ٹیم سٹیڈیم میں موجود تھی۔ گنیز بک کی ٹیم کو انکی سٹیڈیم آمد پر زور دار تالیوں کی گونج میں خوش آمدید کہا گیا۔ یوتھ فیسٹول کے چیف آرگنائزر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد اور ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر عثمان انور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پنجاب نہیں پورے پاکستان کی فتح ہے۔ اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ آج ہم سرخرو ہوئے یہ سب کچھ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہم نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی مرحلے میں کسی سے کم نہیں۔ آج ہم نے ثابت کر دیا کہ ہم ڈسپلن والی قوم ہیں۔ صوبہ کی 9 ڈوثیرن سے تعلق رکھنے والے 70,000 نوجوانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خواب کو حقیقت کا رنگ دینے کےلئے بھرپور جوش و جذبہ کا اظہار کیا خاص طور پر تعلیمی اداروں کے طلبہ کا جذبہ قابل دید ہے جنھوں نے انتہائی نظم وضبط کا اظہار کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کر دیا۔ قومی ترانے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے سے قبل کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ نیشنل سٹیڈیم طلباءو طالبات، کھلاڑیوں اور دیگر شرکا سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ ہاکی اولمپئن ریحان بٹ نے ایونٹ کی شمع روشن کی سٹیڈیم میں 90 ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم میں شامل گیرتھ ڈیوز نے ریکارڈ کا اعلان کیا۔ اس نمائندے کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں 42 ہزار 813 افراد نے قومی ترانہ پڑھا۔ گیرتھ ڈیوز نے ورلڈ ریکارڈ کا خصوصی سرٹیفکیٹ بھی دیا۔