نئی طرز کی جنگ کے باعث ہماری آزادی ‘ خودمختاری کو خطرناک نتائج کا سامنا ہے : جنرل خالد شمیم وائیں
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + ایجنسیاں) چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں نے کہا ہے پاکستان کو ایک نئی طرح کی جنگ کا سامنا ہے جس کے ہماری آزادی اور خودمختاری کے لئے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں۔ ہمیں دنیا کے سامنے ثابت کرنا ہے ہم ایسی قوم ہیں جو اس طرح کے بحرانوں کا پامردی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کاکول ملٹری اکیڈیمی میں ایک سو چھبیسویں لانگ کورس کی پاسنگ آ¶ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیز رفتار ترقی کی ہے۔ مستقبل کی فوجی قیادت بدلتے ہوئے رجحانات کا ساتھ نہیں دے گی تو اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی امن کے فروغ کے لئے کوشاں ہے کیونکہ امن ہمارے اپنے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں نے مادر وطن کے دفاع کے لئے عظیم جانی قربانی دی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی فوج میں شامل ہونے والے نئے آفیسر قوم کے اعتبار پر پورا اتریں گے۔ چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اعزازی شمشیر سینئر انڈر آفیسر انیس کو عطا کی جبکہ صدارتی گولڈ میڈل سینئر انڈر آفیسر جلال‘ چیف آرمی سٹاف گولڈ میڈل انڈر آفیسر اوسامہ اور چیف آف آرمی سٹاف کی چھڑی سینئر انڈر آفیسر طارق نے حاصل کی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق جنرل شمیم وائیں نے کہا افواج ہر قسم کے داخلی و خارجی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان کے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔ پاک فوج ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات لاحق ہیں۔ جدید دور میں محدود وسائل کے باوجود جنگ لڑ رہے ہیں۔ ثناءنیوز کے مطابق خالد شمیم وائیں نے کہا گذشتہ چند برسوں سے بین الاقوامی سطح پر تبدیلیوں کی وجہ سے ہمارے ملک میں عدم و استحکام کی لہر پیدا ہوئی ہے۔ ہم ایسی جنگ کا شکار ہیں جو ہماری آزادی و خودمختاری کے لئے خطرناک ہے۔ ہمیں دنیا پر ثابت کرنا ہے ہم پرامن قوم ہیں اور انتہا پسند ہمیں نیچا نہیں دکھا سکتے۔ آن لائن کے مطابق خالد شمیم وائیں نے کہا ہماری آزادی و خودمختاری کو غیر روائتی جنگی حالات کے باعث خطرناک نتائج کا سامنا ہے، دنیا جان لے پاکستانی عوام ایک بہادر اور باہمت قوم ہیں جنہیں مٹھی بھر شدت پسند عناصر یرغمال نہیں بنا سکتے۔