پاکستان میں ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والے 98 فیصد عام شہری ہیں : امریکی صحافی

21 اکتوبر 2012
پاکستان میں ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والے 98 فیصد عام شہری ہیں : امریکی صحافی

واشنگٹن /تہران (آئی این پی ) امریکہ کے سینئر صحافی کان ہالینان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونیوالے 98 فیصد افراد عام قبائلی ہیں،امریکی یونیورسٹیوں کی تحقیقات کے مطابق ڈرون حملوں میں ہونیوالی ہر 50 ہلاکتوں میں سے صرف ایک شخص شدت پسند تھا، اس بات کو کسی بھی طرح قبول نہیں کیا جا سکتا کہ ڈرون حملوں میں عام شہری مارے نہیں جاتے اور خود امریکی بھی اس بات کو نہیں مان سکتے ۔ایرانی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے جاسوس طیاروں کی جانب سے پاکستان کے قبائلی علاقوں پرہونیوالے ڈرون حملوں کے موضوع پر تحقیقات کرنیوالے برطانیہ کے ناوابستہ صحافی سمیت استنفورڈ اور نیویارک کی یونیورسٹیوں نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں میں ہونیوالی ہر 50 ہلاکتوں میں سے صرف ایک شخص شدت پسند تھا جبکہ دوسرے سب عام قبائلی افراد تھے ۔رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم میں شامل کلیو اسٹیفورڈ نے کہا کہ ڈرون حملوں کا نتیجہ صرف عام شہریوں کی ہلاکت نہیں ہے بلکہ ان حملوں کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس کا ماحول بھی قائم ہوا ہے۔ہالینان نے کہا کہ اس بات کو کسی بھی طرح قبول نہیں کیا جا سکتا کہ ڈرون حملوں میں عام شہری مارے نہیں جاتے اور خود امریکی بھی اس بات کو نہیں مان سکتے۔