پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں: ہروشی اوے
اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) پاکستان میں متعین جاپانی سفیر ہروشی اوے نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تعلقات استوار ہیں۔ وہ ہفتہ کو نیشنل آرٹ گیلری میں پاکستان اور جاپان کے مابین سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ جاپانی سفارتخانے‘ جاپان کی عالمی تعاون کی تنظیم (جائیکا) اسلام آباد میں جاپانی سکول اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں جاپان کے روایتی ڈرمز واڈائیکو (Wadaiko) بجانے اور ڈانس کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلام آباد میں جاپانی سکول کے کم عمر بچوں نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ شرکاءتقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ اس طرح کی ثقافتی سرگرمیوں سے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔