سندھ حکومت ناکام ہو چکی ہے، کراچی میں فوجی آپریشن کیا جائے: شفیق قادری

21 اکتوبر 2012

لاہور (پ ر) جمعیت مشائخ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں شہید ہونے والے عاشقان مصطفٰی کے قاتلوں کے خلاف بھاٹی گیٹ چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جمعیت کے کارکنوں نے قاتلوں کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے مولانا رجیع اللہ خان، علامہ اصغر عارف چشتی، پیر ایس اے جعفری، عبدالسلیم خان، ملک نعیم پومی، پیر اختر رسول اور چودھری مبین نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ حکومت سندھ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیں۔ عاشقان مصطفٰی کا قتل دراصل کراچی کے حالات خراب کرنے کیلئے ایک گہری سازش ہے۔ ہمیں مسلک اور فرقوں سے آزاد ہو کر بحیثیت پاکستانی قوم متحد ہونا ہو گا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور مقابلہ کرنا ہو گا اور ان کی ہر سازش ناکام بنانا ہو گی۔ ملک کے دشمن کراچی میں مسلسل خون کی ہولی کھیلتے میں مصروف ہیں وہاں پر فوری فوجی آپریشن ہونا چاہئے کیونکہ پولیس اور رینجر اور حکومت امن قائم کرنے میں بالکل ناکام ہو چکی ہے۔