یوریا کھاد کی درآمد، سعودی عرب پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر قرض دیگا

21 اکتوبر 2012


اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ملک کی یوریا کی ضروریات کو پورا کر نے کےلئے سعودی فنڈ برائے ترقی حکومت پاکستان کو دس کروڑ ڈالر قرض کی سہولت فراہم کرےگا۔ اس رقم سے رواں سال ربیع کے سیزن میں کھاد کی ضروریات کو پوار کرنے کےلئے دو لاکھ ٹن یوریہ درآمد کی جائےگی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان یہ یوریا کھاد سعودیہ عرب بیسک انڈسٹریز کارپوریشن سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حکم پر خریدے گی۔ سعودی فنڈ سال 2007ءسے اب تک یوریہ کی خریداری کےلئے پاکستان کو 55 کروڑ ڈالر کے قرض کی سہولت فراہم کر چکا ہے۔ ملک میں جاری گیس بحران کے باعث ملکی کھاد کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔