پاکستان روز بروز مقروض، حکمران خوشحال ہو رہے ہیں: لطیف حسین نیازی
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما لطیف حسن نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان دن بدن مقروض اور مفلوج ہوتا جا رہا ہے جبکہ حکمران خوشحال ہوتے جا رہے ہیں۔ حکمرانوں کے ہاتھوں میں کشکول اور گلے میں غلامی کا طوق ہے، وہ ایٹمی پاکستان کی قیادت اور قومی مفادات کی حفاظت کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ اقتدار کے ایوانوں میں کرپشن اور گھٹن کا ڈیرہ ہے، مسائل کی یلغار سے لوگ سہمے ہوئے ہیں۔ معاشرے میں پھیلی بے چینی اور بے یقینی کو درحقیقت حکمران ٹولے کیخلاف چارج شیٹ سمجھا جائے۔ اگر حکمران اپنے دماغ کا منفی کی بجائے مثبت استعمال کرتے تو پونے پانچ برسوں میں یقیناً پاکستان کی کایا پلٹ جاتی۔ این آر او زدگان کو احتساب کی گرفت سے بچانے اور انہیں اہم سرکاری عہدوں پر بٹھانے والے ملک سے کرپشن کی گندگی صاف نہیں کر سکتے۔