رواں سال ڈیڑھ لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں داخل ہوئے: ساجد علی
مانگا منڈی (نامہ نگار) اساتذہ کی کوشش اور محنت سے گزشتہ سال کی نسبت اس سال ڈیڑھ لاکھ بچے گورنمنٹ سکولوں میں داخل ہوئے، سرکاری سکولوں میں زیادہ تر غریب والدین کے بچے پڑھتے ہیں، ضلع لاہور میں 5000 پرائیویٹ سکول کام کر رہے ہیں اور سرکاری سکولوں جس میں پرائمری، مڈل اور ہائی سکول شامل ہیں، کی تعداد 1250 ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) لاہور ساجد علی ساجد نے گورنمنٹ مڈل سکول شاداب کالونی چوہنگ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرکاری اساتذہ پولیو، الیکشن اور یو ای پی وغیرہ میں مصروفیت کے باوجود محنت اور محبت سے طلباءکو علم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں، اساتذہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو مار کی بجائے پیار سے ہی پڑھائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر چودھری فضل الٰہی اور جاوید اقبال بابر کے علاوہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر چودھری کاشف بھی موجود تھے۔