انڈر 15 ایشین بیس بال کپ 3 نومبر سے شروع ہو گا

21 اکتوبر 2012

ممبئی (اے پی پی) چھہ ملکی انڈر 15 ایشین بیس بال کپ 3 نومبر سے بھارت کے شہر کٹاک میں شروع ہو گا ۔ ایونٹ میں ایشیا کی ٹاپ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں میزبان بھارت سمیت پاکستان، جاپان، جنوبی کوریا، چائنیز تائپے، انڈونیشیا اور چین شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ آرگنائزر کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے تیاریاں جاری ہیں جنہیں ٹورنامنٹ سے قبل مکمل کر لیا جائے گا ۔ قومی انڈر 15 بیس بال ٹیم کے کوچ عثمان شہزاد نے کہا ہے کہ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، امید ہے کہ چھہ ملکی ٹورنامنٹ میں ٹیم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ایونٹ 3 نومبر سے بھارت کے شہر کٹاک میں شیڈول ہے۔ کھلاڑی صلاحیتوں کو منوانے کےلئے پر عزم ہیں اور ہر کھلاڑی کچھ کر دکھانے کے جذبے سے سرشار ہے، گروپ میں کوریا اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں خطرناک حریف ہوں گی تاہم کھلاڑی ان کا سامنا کرنے سے خوف زدہ نہیں۔ اس طرح کے ایونٹس میں شرکت کرنے سے کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ ہو گا۔