ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آفریدی کےخلاف کارروائی کا فیصلہ

21 اکتوبر 2012
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آفریدی کےخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آل راﺅنڈ ر شاہد آفریدی کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو رواں ہفتے پریس کانفرنس سے روک دیا تھا۔ شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کپتان جے سوریا کے ہمراہ آل سٹار پاکستان الیون کے کپتان کے طور پر مشترکہ پریس کانفرنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوست صحافیوں کے ذریعے دو سوال کروا دیئے جن کا ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کاوشوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ نجی ٹی وی چینل پر تبصرہ کرنے والے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں سزا یافتہ سابق کپتان سلمان بٹ کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر شدید تنقید کی ۔ بورڈ نے شاہد آفریدی کی پریس کانفرنس کی فوڈ ٹیج حاصل کرلی ہے ۔ بورڈ شاہد آفریدی کو شوکاز نوٹس بھجوائے گا۔ امکان ہے کہ شاہد آفریدی کو بھی عبدالرزاق کی طرح جرمانہ کیا جائے گا۔