پاکستان آل سٹار نے انٹرنیشنل ورلڈ الیون کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ہرا دیا

21 اکتوبر 2012

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹارز الیون نے پہلے ٹی 20 میچ میں انٹرنیشنل سٹارز الیون کو 84 رنز سے شکست دیدی۔ انٹرنیشنل سٹارز الیون نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔ پاکستان سٹارز نے انٹرنیشنل الیون کو 223 رنز کا ہدف دیا ۔ پاکستان سٹارز کی طرف سے عمر اکمل 67 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ شاہ زیب 54، عمران نذیر 29، ناصر جمشید 19، شاہد آفریدی 18 جبکہ فواد عالم 18 رنز بنا سکے۔ ٹشابلالہ نے تین جبکہ شاہ پور زدران نے دو وکٹیں لیں۔ پاکستان کے سات کھلاڑی آﺅٹ ہوئے۔ شاہ زیب نے 21 گیندوں پر چار چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 54 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے تین چھکے اور سات چوکے لگائے۔ عمر اکمل کے 37 گیندوں پر 67 رنز بنائے ۔ انٹرنیشنل سٹارز الیون نے 223 رنز کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بیٹنگ کا آغاز کیا تو جے سوریا دس رنز کے مجموعی سکور پر آﺅٹ ہو گئے۔ سب سے زیادہ سکور شاہ پور زداران نے کیا۔ انہوں نے 42 رنز بنائے۔ ٹیلر 15، بوسمین 27، محمد شہزاد 14 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی طرف سے تابش خان نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوے تین اور وہاب ریاض نے دو کھلاڑی آﺅٹ کئے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند رہا۔ دوسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا۔