انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اولین ترجیح ‘ بورڈ دیوالیہ نہیں ہو گا : ذکا اشرف

21 اکتوبر 2012
انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اولین ترجیح ‘ بورڈ دیوالیہ نہیں ہو گا : ذکا اشرف

لاہور (پینل انٹرویو: چودھری اشرف / اعجاز شیخ/ حافظ عمران) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود بورڈ کے مالی معاملات ٹھیک ہیں دیوالیہ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ۔ ماجد خان سے کرکٹ کی بہتری کے لیے تجاویز مانگی ہیں انہیں کوئی عہدہ نہیں دیا جا رہا۔ کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف نے ایڈیٹر انچیف روزنامہ نوائے وقت مجید نظامی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے بعد پینل انٹرویو میں کیا۔ ذکاءاشرف کا کہنا تھا کرکٹ بورڈ کے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہمیشہ کوشش کی غیر جانبدار ہو کر کرکٹ کی بہتری کی جائے۔ 2015ءکے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو ٹارگٹ کر کے کرکٹ کمیٹی کو ٹاسک دیدیا ہے وہ ایسے کھلاڑیوں کو گروم کریں جو ہمیں میگا ایونٹ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ ماجد خان پاکستان کے عظیم کھلاڑی رہے ہیں کرکٹ میں بہتری کے لیے ان سے بھی مشاورت کی ہے جبکہ عمران خان سے رابطے میں رہا ہوں۔ پاکستان میں پریمیئر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے کام جاری ہے یہ اگلے سال مارچ میں کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہو سکتا ہے ایک دو سال لیگ سے بورڈ کو بھاری مالی فائدہ نہ ہو تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے فائدہ مند ہو جائے گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کوشش کی جا رہی ہے اس سلسلہ میں کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ ہماری کوشش ہے تمام کرکٹ بورڈز کے ساتھ تعلقات کو بہتر کر کے پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچایا جائے۔ میچ فکسنگ کے مبینہ سیکنڈل میں ملوث پاکستانی امپائرز کے حوالے سے کرکٹ کمیٹی کام کر رہی ہے ویڈیو فوٹیج کو مانیٹر کر کے اصل حقائق کے متعلق آگاہی حاصل کی جائے گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو انگلینڈ کی طرز پر عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔ فیورٹ ازم کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں فوری طور پر تبدیلیوں کا امکان نہیں تاہم اسے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا ۔