بیٹنگ کوچق غیر ملکیوں سمیت متعدد سابق کرکٹرز میدان میں آ گئے

21 اکتوبر 2012

لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے لئے غیر ملکیوں سمیت متعدد سابق کرکٹرز نے درخواستیں جمع کرادیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرز اعجاز احمد، سلےم ملک، شعیب محمد، معین خان اور سلیم یوسف سمیت متعدد سابق کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی غیر ملکی کھلاڑی بھی بیٹنگ کوچ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیںجن میں آسٹریلیا کے ڈین جونز، سٹیورٹ لائ، مائیکل بیون اور انگلینڈ کے گراہم تھروپ اورنک نائٹ کانام شامل ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کر دی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم ملک نے کہا کہ بطور کپتان اور کھلاڑی میرابھی حق ہے کہ میں پاکستان کرکٹ کی خدمت کروں اور میں ٹیم کا بیٹنگ کوچ بننے کا خواہشمند ہوں جس کے لئے جس کے لئے درخواست دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے دو دہائیوں تک قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور کئی عظیم کپتانوں کی قیادت میں ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ ورلڈ کپ1992ءکی فاتح پاکستانی ٹیم کا اہم رکن ہونے پر فخر ہے۔ سلیم ملک نے کہا کہ بیٹنگ کوچ بن کر بلے بازوں کی خامیوں کو دور کر سکتا ہوں۔ مجھے ڈیوواٹمور سمیت کسی کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔
واضح رہے کہ سلیم ملک پر میچ فکسنگ الزامات کے تحت پابندی عائد تھی جواب ختم ہو چکی ہے۔