تھرکول کی بجلی پیداوار کے قابل نہیں

ایشیائی ترقیاتی بنک نے بجلی کی پیداوار کیلئے تھرکول سے حاصل شدہ کوئلے کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیرمعیاری اور بجلی کی پیدوار کیلئے ناقابل استعمال ہے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے تمام تھرمل پراجیکٹس کو کوئلے پر منتقل کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا‘ اس حوالے سے نئے یاپاور پراجیکٹس کو کوئلہ سے چلانے کے معاہدے بھی ہو چکے ہیں۔ کیا حکومت نے بغیر تجربات کئے کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو آخری شکل دیدی؟ اگر تھرکول معیاری نہیں تو بلوچستان اور خوشاب سے نکلنے والا کوئلہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر سرے سے کوئلہ سے بجلی پیدا کرنا ممکن نہیں تو اسکو گیس کی پیداوار کیلئے استعمال کیا جائے۔ ملک میں بیک وقت بجلی و گیس کا شدید بحران ہے‘ اگر آپکے تجربات سے بجلی کی پیداوار کیلئے کوئلہ معیاری ثابت ہوتا ہے تو اپنے وسائل سے پراجیکٹس مکمل کئے جائیں۔ اگر واقعتاً یہ بجلی کی پیداوار کیلئے سودمند ثابت نہیں ہو سکتا تو مزید مغز ماری کی ضرورت نہیں۔ اسکے بجائے ہائیڈل‘ شمسی اور ونڈ منصوبوں کی طرف توجہ دی جائے جن سے کوئلہ کے مقابلے میں بھی سستی بجلی دستیاب ہو سکتی ہے۔