ہاتھ دھونے کا عالمی دن

21 اکتوبر 2012

مکرمی! چند روز پہلے ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی خبر تھی۔ غالباً ہاتھ دھونے کے فوائد کا پرچار ہو گا۔ کوئی پچیس سال پہلے اس بارے ریڈرز ڈائجسٹ میں مضمون کا ذکر بھی مناسب ہو گا۔ قدرت کے خود حفاظتی نظام کے مطابق میڈیکل تحقیق نے ثابت کیا کہ ہماری انگلیوں اور ہتھیلیوں سے ہر دم کچھ کیمیائی مادہ خارج ہوتا رہتا ہے جو نہ نظر آنے والے مضر بیکٹیریا اور جراثیم کا خاتمہ کرتا ہے۔ اس کیمیائی مادہ کے نام تیزاب اور الکلی کے مرکبات میں سے تھے جو بھول چکا ہوں۔ کہنے کی بات یہ ہے کہ سائنس نے ثابت کیا کہ خالق نے جسم کی حفاظت کا نظام بخوبی کر رکھا ہے جو ہماری نظروں سے اوجھل بھی ہے۔ اسی طرح کہ جیسے موت کا نظام بھی نظروں سے اوجھل ہے۔ اب ہاتھ دھونے میں مضائقہ نہیں ہے کہ نظر آنے والا گند لگا ہو‘ ورنہ‘ ضرروت نہیں کہ قدرت کے آٹو میٹک نظام کے تحت ہم محفوظ ہیں۔ اس علم سے ہماری خوداعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے‘ وہمی نہیں ہوتے اور صابن بیچنے والوں کی یلغار سے محفوظ رہتے ہیں۔(معین الحق 042-35164587)