نتیجہ پہلے ہی طے کرنا ہے تو الیکشن کرانے کا کوئی فائدہ نہیں: بلاول

اسلام آباد‘ نوشہرہ (نمائندہ خصوصی‘ این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر الیکشن سے پہلے رزلٹ طے کرنا ہے تو پھر ایسے الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایک وزیراعظم بنے گا‘ تو دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کر دے گا۔ تمام مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جیالوں نے شہید بھٹو کیلئے کوڑے کھائے‘ جیالے شہید بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ ورکرز کنونشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ مجھے محسوس ہورہا خیبر پی کے جیالے جاگ چکے ہیں۔ پاکستان میں بہت مسائل اور مشکلات ہیں۔ ایک طرف معیشت کا حامل سب کے سامنے ہے۔ مہنگائی‘ غربت‘ بیروزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اسلام آباد والوں کوکوئی پروا نہیں۔ جیالوں نے دہشت گردوں کو شکست دی تھی۔ دہشت گردوںکو ملک میں بسانے کا نقصان بھگت رہے ہیں۔ اداروںکے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے۔ معاشرے میں اتنی نفرت‘ تقسیم پہلے نہیں دیکھی۔ افغانستان کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ چیف جسٹس‘ الیکشن کمشن ضمانت دیں 8 فروری کے الیکشن پر کوئی انگلی نہ اٹھائے۔ اگر الزام لگتا ہے حکومت سے نکل جاتے ہیں تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ حکومت سے نکل جاتے ہیں تو بھٹو کی طرح بن جاتے ہیں۔ اقتدار میں ہوتے ہیں تو آئین اور حکومت بھول جاتے ہیں۔ ادھر ادھر نہیں‘ عوام کی طرف دیکھتا ہوں۔ جو ہر کسی کو جیل بھیجنے کا کہتا تھا‘ وہ بے چارا خود جیل میں ہے۔ میاں صاحب یہ بتائیں کہ کتنے لوگوں کو روزگار دیا۔ مزدور کی تنخواہ کتنی مقرر کی؟۔ ضمنی اور بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے والوں کو عوام ایسا جواب دیں گے نسلیں یاد رکھیں گی۔ اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ ایک وزیراعظم بنے گا تو دوسرا دھاندلی کا الزام لگا کر دھرنے شروع کر دے گا۔ جس پارٹی کیلئے لاہور میں جلسہ کرایا گیا وہ کہتی ہے ان کی بات ہو گئی اور ان کی دوتہائی اکثریت پکی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم چاہتے ہیں بزنس برادری ترقی کرے۔ انڈسٹری چلے۔ معیشت چلے۔ بزنس برادری کو اپنی ترقی عوام کے ساتھ شیئر کرنا پڑے گی۔ مزدور کو محنت کے مطابق تنخواہ دینا ہوگی۔ نوازشریف کہتے ہیں امیر لوگ سرمایہ کاری کریں تو ان سے سوال نہ پوچھیں۔ میں سمجھتا ہوں یہ غلط ہے۔ ہم سوال ضرور پوچھیں گے۔ ہم پوچھیںگے کہ مقامی لوگوں کو کتنا روزگار دیا۔ تنخواہ کیا رکھی۔ الیکشن کے بعد ہم وہ اونٹ ہونگے جہاں یہ اونٹ بیٹھے گا‘ وہاں حکومت ہوگی۔ بچوں کے عالمی دن پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دعاگو ہوں پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کا مستقبل امن‘ محبت اور خوشحالی سے بھرا ہو‘ ملکی وسائل پر سب سے پہلا حق بچوں کا ہے۔ پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے ہی پاکستان کا سب سے قیمتی خزانہ اور روشن مستقبل ہیں۔ الیکشن کے بعدآنے والی پی پی پی حکومت کی اولین ترجیحات میں بچوں کی تعلیم‘ صحت اور تحفظ پر سرمایہ کاری کرنا شامل ہوگا۔ فلسطینی بچوں پر ہونے والے ظلم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو پاکستان میں جمہوریت کی بقا اور عوامی حقوق کی جدوجہد مں انقلابی سوچ‘ غیر متزلزل عزم اور قربانی کی مجسم مثال ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاﺅس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کے 65 ویں یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی عوام‘ خصوصاً نوجوانوں کے بارے میں ان کا جذبہ‘ سوچ اور ویژن بے مثال تھا۔