آرمی چیف کا دورہ لسبیلہ،سیلاب متاثرین کیلئے تعمیر شدہ گائوں کا افتتاح کیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کا دورہ، سیلاب متاثرین کیلئے لال گل گوٹھ میں تعمیر شدہ گائوں کا افتتاح کیا، کہا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بحالی نو کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لال گل گوٹھ میں بدترین سیلاب میں اپنے گھروں سے محروم ہونے والے متاثرہ افراد کیلئے تعمیر کردہ گائوں کا افتتاح کیا، لال گل گوٹھ حالیہ سیلاب میں بری طرح تباہ ہوا تھا، جس میں گائوں کے لوگوں کے گھر، سامان، بنیادی ڈھانچہ تباہ اور مویشی ہلاک ہو گئے تھے، گائوں میں ایک پرائمری اسکول بھی تعمیر کیا گیا ہے، جبکہ آف گرڈ شمسی توانائی اور ایک ٹیوب ویل بھی نصب کیا گیا ہے، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے اس منصوبے کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لال گل گوٹھ میں نئے تعمیر شدہ پرائمری اسکول کے اساتذہ اور طلبا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کئے جانے والے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر اعلیٰ سول اور ملٹری حکام بھی موجود تھے، بعد ازاں آرمی چیف نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور بلوچستان اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں اور افسروں سے بھی بات چیت کی اور حالیہ سیلاب میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے عمل کے دوران ان کی کوششوں کو سراہا۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر اور انجینئر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل کاشف نذیر دورے کے دوران آرمی چیف کے ہمراہ تھے، قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔