وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمرنے کہاہے کہ اپوزیشن پشاور میں جلسہ کرکے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی۔ انہوں نے ٹو یٹ میں کہا کہ پشاور عمران خان کا شہر ہے، 2013 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے پشاور کی 4 میں سے 4 اور 2018 میں 5 میں سے 5 نشستیں اپنے نام کیں، انشااللہ اگلے الیکشن میں بھی یہی ہونا ہے۔ اپوزیشن جلسہ کرکے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی اور شاید پشاور کے عوام سے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 13 اعشاریہ 39 فیصد ہوگئی ہے ، مسلم لیگ نواز کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 2 ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈائون اعلان کر د یا، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈائون کر دیا لیکن دونوں جماعتوں کا اصرار ہے کہ پشاور جلسہ ضرور ہو گا۔ دوغلے پن کی اس سے واضح مثال نہیں مل سکتی۔واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے 22 نومبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وبا کے پیش نظر شہر میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔