جعلی بینک اکاونٹس کیس: چیئرمین اوورسیز ہاوسنگ سوسائٹی اعجاز ہارون گرفتار

قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی نے چیئرمین اوورسیز ہاوسنگ سوسائٹی اعجاز ہارون کو جعلی بینک اکاونٹس کیس میں کراچی سے گرفتار کر لیا ہے۔نیب راولپنڈی کے اعلامیہ کے مطابق اعجاز ہارون نے ہاوسنگ سوسائٹی میں 12 پلاٹ غیر قانونی طور پر فروخت کیے۔نیب کے مطابق بیچے گئے پلاٹوں کی قیمت کا لین دین جعلی اکاونٹس کے ذریعہ کیا گیا ۔ اعجاز ہارون پر الزام ہے کہ انہوں نے اومنی گروپ کے لیے منی لانڈرنگ کی۔خیال رہے کہ اعجاز ہارون پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں پاکستان ائیر لائنز (پی آئی اے)کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2011 میں ایم ڈی پی آئی اے کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔