بہاولنگر:سنگ دل شوہر نےحاملہ بیوی اور بیٹے کو قتل کرکے گھر میں ہی دفن کردیا

پنجاب کے شہر بہاول نگر میں حاملہ بیوی اور اس کے 11سالہ بیٹے کو قتل کرنے پر پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف اس دہرے قتل کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق دہرے قتل کا واقعہ بہاول نگر کے نواحی علاقے بستی مہاراں والی میں پیش آیا، جہاں کے رہائشی محمد علی نے آئے روز کے جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنی اہلیہ اور 11سالہ سوتیلے بیٹے کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ملزم نے اپنے بھائی کی مدد سے دونوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں گھر کے صحن میں ہی گڑھا کھود کر دفن کر دیں۔ملزمان کے اعترافِ جرم کے بعد ان کی نشاندہی پر لاشیں مکان کے صحن سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ مقتول خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ملزمان کا کہنا ہے کہ مقتول خاتون اپنے سسرال سے الگ علیحدہ مکان میں رہنا چاہتی تھی، جس کے باعث میاں بیوی میں گزشتہ کئی روز سے جھگڑا چل رہا تھا۔واردات کے روز مقتول خاتون کا 11 سالہ سوتیلا بیٹا بھی اپنی ماں سے ملنے آیا تھا جو ان ظالم اور شقی القلب افراد کے ہاتھوں ماں کے ساتھ قتل ہو گیا۔