سٹاک مارکیٹ میں جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا، 89 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کئی روز سے جاری تیزی کا تسلسل کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کو ٹوٹ گیااورکاروبار حصص میں اتار چڑھائو کے بعدزبردست مندا رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 38500،38400 ، 38300، 38200 اور38100 کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔ 61.19 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی اورکاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 14.97 فیصد گھٹ گیا۔مندے کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو 89 ارب8کروڑ روپے سے زائدکا نقصان اٹھانا پڑا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس526.69پوائنٹس کمی سے38037.68پوائنٹس پر بندہوا۔ بدھ کومجموعی طورپر384کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے130کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،235کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 89ارب8 کروڑ67 لاکھ20 ہزار95روپے گھٹ کر72کھرب58ارب9 کروڑ62لاکھ9ہزار218روپے رہ گیا۔