علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا
فیصل آباد (پ ر) پنجاب حکومت نے (سی پیک) کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) نے ترقیاتی کاموں کی ترجحی بنیادوں پر تکمیل کے لیے بولیاں (بڈز) طلب کر لی ہیں۔ یہ سپیشل اکنامک زون 4000 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کا کہنا تھا کہ اس خصوصی اقتصادی زون میں مین بولیوارڈ، داخلی دروازہ اور باونڈری وال کی تعمیر دسمبر 2019 میں شروع ہو کر 6 ماہ کی مدت میں مکمل ہو گی۔ اپنے شاندار محل وقوع، بہترین انفراسٹرکچر اور انتہائی ماہر پیشہ ور ٹیم کی بدولت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی اور مقامی سرمایہ کاروں کا پہلا انتخاب ہے۔