پاکستان میں تعلیمی ترقی کے لیئے جرمنی کا اشتراک مثالی ہے،شفقت محمود
اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے چار اہم شعبوں سکولوں سے باہر بچوں کے داخلے، معیاری تعلیم کی فراہمی، نوجوانوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی اور ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو جرمن تنظیم فریڈریج ناومان فیڈریشن کی 60 سالہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم نوجوانوں کو تکنیکی تربیت فراہم کرتے ہوئے جرمنی کے اس مشن میں شریک ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تکنیکی تربیت، ماحولیاتی تبدیلی اور معاشی شعبہ میں دونوں ممالک میں اشتراک مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جرمنی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے سکولوں سے باہر بچوں کے تعلیمی اداروں میں داخلہ کے لئے کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وزارت 27 نومبر کو سکولوں سے باہر بچوں کے داخلہ کے لئے مہم کا آغاز کرے گی۔ شفقت محمود نے فریڈریج نائومان فیڈریشن کی مقامی این جی اوز کے ساتھ مل کر بچوں اور سول سوسائٹی کی بہتری کے لئے خدمات کو سراہا۔