اوپن یونیورسٹی سیرت النبیؐ پر ڈگری پروگرام آئندہ سال متعارف کرائے گی
اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیمات نبویؐکے فروغ کے لئے سیر ت النبیؐ پر چار سالہ )بی ایس(پروگرام آئندہ سمسٹر)بہار 2019 (میں متعارف کرے گی۔ یونیورسٹی سطح پر ملک میں پہلی بار سیر ت نبویؐ پر ڈگری پروگرام پیش کرنے میں پہل کرکے اوپن یونیورسٹی نے اعزاز حاصل کرلیاہے اور یہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ کے لئے اوپن یونیورسٹی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے"ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے 12ربیع الاول کے بابرکت دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول برکتوں اور رحمتوں کے نزول کا مہینہ ہے ۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیمات نبویؐ پر عمل کرنے سے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل اور سکالرز کو آپؐ کی تعلیمات پر تحقیقی کام میں معاونت فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی نے اپنی مرکزی لائبریری میں "سیرت کارنر" بھی قائم کیا ہے۔