جشن عید میلادالنبیؐ کا مرکزی جلوس بھٹو گرئونڈ سے نکلے گا، انتظامات مکمل
اسلام آباد )وقائع نگار ( وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اسلام آباد میں جشن عیدمیلاد النبیﷺ کے جلوس کا باقاعدہ افتتاح آج دن 11 بجے بھٹو کرکٹ گرائونڈ جی سیون مرکز اسلام آباد سے کریں گے۔افتتاحی تقریب میں وفاقی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ ، سی ڈی اے ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، ICT انتظامیہ کے افسران سمیت ہزاروں علمائو مشائخ شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار آٹھ رکنی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین پیر سید محمد علی واسطی نے اسلام آباد کی میلاد کمیٹیوں، سیرت کمیٹیوں ، مساجد کی کمیٹیوں، علماء و مشائخ کی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت جماعت اہلسنت کے صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ پیر عبید احمد ستی نے کی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس جس میں ایس ایس پی اسلام آباد، سردار خان زمری ڈائریکٹر سینی ٹیشن، ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر سول ڈیفنس، مختلف اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جلوس عید میلاد النبیﷺ کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے گی۔ بھٹو کرکٹ گرائونڈ جی سیون مرکز سے جونہی جلوس کا افتتاح ہو گااسلام آباد پولیس ، رینجرز کے دستے اُسے اپنے مکمل حصار میں آبپارہ پہنچائیں گے۔جلوس کے پورے راستے کو رنگ برنگے جھنڈوں، قمقموں، سبز پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔ پورے راستے دودھ ، شربت کی سبیلیں لگائی جا رہی ہیں، شمع رسالت کے پروانے درود و سلام پڑھتے ہوئے آبپارہ پہنچیں گے۔