طفلی ایجوکیشن کے زیراہتمام آگاہی واک
اسلام آباد(نا مہ نگار ) بچوں کے عالمی دن کے موقع پرطفلی ایجوکیشن پاکستان کے زیراہتمام سپر مارکیٹ سے نیشنل پریس کلب تک ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، ورلڈریکارڈ ہولڈر ،کم عمرترین پروفیسر زیدان حامد اورزونل ہیڈ طفلی ایجوکیشن عبدالسلام نے واک کی قیادت کی۔واک میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف سکولز کے طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ زیدان حامد نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے باعث پاکستان میں لاکھوں بچے اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے کم عمری میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ عالمی ادارہ محنت ’آئی ایل او‘ کے اندازے کے مطابق پاکستان میں مشقت کرنے والے بچوں کی تعداد ایک کروڑ بیس لاکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مشقت کرنے والے بچوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے ایک قومی سروے کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ ان کے لیے مناسب پالیسیاں تشکیل دی جا سکیں۔