اسامہ بن لادن ایبٹ آباد میں موجود ہی نہ تھا، حشمت حبیب ایڈووکیٹ
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)تحریک تحفظ عدلیہ کے صدر حشمت حبیب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن نہ تو ایبٹ آباد میں تھا اور نہ ہی اسے امریکی آپریشن میں مارا گیا ہے لیکن امریکی صدر ٹرمپ بغیر کسی تحقیق کے ڈرامہ کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی تو اس حوالے سے جاوید اقبال کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ تک رسائی ہے۔عمران خان کو امریکی الزامات کی تردید کرنا چاہئے ۔ اپنے ایک بیان میں حشمت حبیب نے کہاکہ اسامہ کے خلاف آپریشن کے بعد میں نے انٹرنیشنل میڈیا پر یہ اپنا بیان جاری کیا تھا جس میں کہا تھا کہ سابق امریکی صدر اوبامہ نے ٹی وی پر جھوٹا بیان دیا تھا ۔ حقیقت میں اسامہ بن لادن اس حملے سے دو سال پہلے طبعی طورپر وفات پاگئے تھے ۔ لیکن بعد ازاں ایب ایبٹ آباد کمیشن جس کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کی تھی جو اس وقت چیئرمین نیب ہیں نے اس حوالے سے انکوائری کی تھی اور وہ بھی امریکی آپریشن میں اسامہ کی موت کی تصدیق نہیں کر سکے تھے ۔ عمران خان کے پاس کمیشن کی رپورٹ اور دیگر قابل بھروسہ ذرائع ہیں ان کی مدد سے دنیا کو بتائیں کہ ٹرمپ غلط بیانی کر رہے ہیں۔