مسلم لیگ(ن) نے معیشت کو مضبوط کیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و سینیٹر بیگم نزہت صادق نے کہاہے کہ الیکشن کے دوران عمران خان دعوے کرتے تھے کہ قرض نہیں لیں گے اور کشکول نہیں اٹھائیں گے، لیکن اب وہ کشکول اٹھائے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے دوران عوام سے جتنی بھی باتیں کی ہیں ایک پر بھی عملدرآمد نہیں کیاگیا ہے،حکومت کی ساری ٹیم کرپٹ اور نااہلوں پر مشتمل ہے جنہیں نہ تو معاملات کی سوجھ بوجھ ہے اور نہ ہی کوئی تجربہ رکھتے ہیں،عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھونک دیاگیاہے اور خود بیرونی دوروں میں مصروف ہیں اور قرض پر قرض لئے جا رہے ہیں۔عمران خان کو چاہیے کہ وہ خود انحصاری کا اپنا وعدہ پورا کرتے اور ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرتے۔،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پاکستانی معیشت کومضبوطی کی جانب گامزن کیاتھا لیکن موجودہ تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سارا بیڑاغرق ہوچکا ہے۔عمران خان قوم سے خطاب کرتے ہوئے اب بھی ایسے ہی بات کرتے ہیں جیسے اپوزیشن میں ہوں،ان کے کسی بھی بیان یا طورطریقے سے نہیں لگتا کہ وہ اس ملک کے حکمران ہیں۔