پاکستان کے آئین میں بچوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے،شیریں مزاری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹرشیریں ایم مزاری نے کہا ہے کہ میرے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ ہماری قوم عالمی برادری کے ساتھ 20نومبر کو بچوں کا عالمی دن منا رہی ہے ۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں بچوں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے اسی لئے ہماری حکومت نے بچوں کے حقوق بارے آئینی اور بین الا قوامی ذمہ د اریوں کو پورا کرنے کے لئے قانون سازی سمیت عمل درآمدی اقدامات کا عزم کر رکھا ہے ۔ سب سے بڑھ کر اہم یہ ہے کہ اسلام نے بھی بچوں کا تحفظ اور ان کی دیکھ بھال کرنا ہمارے لئے فریضہ قرار دیا ہے ۔ اس وقت پاکستان کو کئی چیلنجز درپیش ہیں اس حقیقت کے باوجود موجودہ حکومت نے بچوں کے تحفظ اور ان کی دیکھ بھال کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ جس سے ہمارے سیاسی عزم اور پختہ ارادے کی عکاسی ہوتی ہے ۔ وزارت انسانی حقوق نے نابالغوں کے لئے انصاف کے نظام کے ایکٹ2018 اور آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ2018 جیسے کلیدی قوانین کو نافذ کیا ہے اور زینب الرٹ جیسے کئی قانونی بل تیار کئے ہیں۔