ترنول میں تجاوجات کیخلاف آپریشن، 225 کنال اراضی واگزار
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا ترنول میں تجاوزات کے خلاف آپریشن منگل کے روز بھی جاری رہا۔دوسرے روزانسداد تجاوازت آپریشن کے دوران مزید 225کنال سرکاری اراضی غیر قا نونی قابضین سے واگزار کروالی گئی۔ اس آپریشن کے دوران ترنول کے علاقے میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر کی جانے والی تعمیرات جن میں بڑے بڑے پلازے، شو روم، مارکیٹس، ہوٹل اور بڑے احاطے اور چار دیواریاں شامل ہیں کو گرا دیا گیا۔یہ آپریشن سرکاری اراضی پر قابض ایسے لوگوں کے خلاف کیا جا رہا ہے جو ایک عرصہ سے سرکاری اراضی کو استعمال میں لائے ہوئے ہیں اور اپنے اثر کے باعث ان تجاوزات کے خلاف کوئی بھی کاروائی عمل میں لانے میں رکاوٹ بن کا باعث رہے۔ ترنول میں جاری آپریشن کے دوسرے روز ترنول پھاٹک سے لے کر پشاور کی سمت جی ٹی روڈ پر مزیدایک کلومیٹر رائٹ آف وے پر کی گئی تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔دوسرے روز کئے جانیوالے آپریشن میںسی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے تمام عملے سمیت آئی سی ٹی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ،سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ ، لینڈ و بحالیات ڈائریکٹوریٹ ، ایم پی او ڈائریکٹوریٹ ، آئی سی ٹی کے محکمہ مال کے متعلقہ افسران و ملازمین کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔