وزارت مواصلات ،منسلک اداروں کے آڈٹ کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی
اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر چیف فنانس اینڈ اکائونٹس افسرمواصلات ڈویژن فخرالزمان علی چیمہ کی سربراہی میں وزارت مواصلات اور اس سے منسلک محکموں کے داخلی حسابات کی جانچ پڑتال کیلئے انٹرنل آڈٹ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ حکومت کی شفافیت اور بچت کی پالیسی پر اس کی روح کے مطابق عمل کیاجائے ۔انہوںنے یہ بات منگل کووزارت مواصلات میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں وزارت مواصلات کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات ملک بھر میں اپنے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے فروغ اور اخراجات میں کمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کابھر پور ساتھ دے گی تاکہ عوام کے ٹیکس کا صحیح استعمال ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم سے قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔شفافیت کرپشن کنٹرول کرنے میں بھی اہم کرداد ادا کرتی ہے او ر ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معلومات تک عوام کی رسائی کے حق پر عملدرآمد سے بھی منصوبوں میں شفافیت لانے اور اخراجات میں کمی میں مدد ملے گی۔