آج کا دن پوری انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے،صادق سنجرانی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خاتم النبیین رحمۃ للعالمین حضرت محمدﷺ کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلادالنبیﷺ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے جو دنیا و آخرت میں فلاح و نجات کا ذریعہ ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بہترین انسانیت کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔ بارہ ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے۔ پاک پیغمبرﷺ کے آنے سے انسان دشمنی، ظلم وبربریت، جہالت، جبرواستبداد، خواتین پر ظلم اور گمراہی کی تاریخ یکسر بدل گئی۔ تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفودرگزر اور جذبات کو پاکیزگی میسر آئی۔ بارہ ربیع الاول کا دن ہمیں حضرت محمدﷺ سے عشق و محبت کا پیغام دیتاہے۔ پاک پیغمبرﷺ سے پیار پوری انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔