مرکزی جلوس میں500 میلاد ، 300سیرت کمیٹیاں شریک ہونگی،پیر عبیداحمد ستی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )وفاقی دارالحکومت میں جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،آج صبح کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور درود و سلام سے ہو گا،تمام مساجد میں قرآن خوانی کے بعد درود و سلام پڑھا جائے گا اور 500 سے زائد مساجد سے جلوس نکالے جائیں گے جو بھٹو گرائونڈ المعروف پولیس گرائونڈ جی سیون مرکز متصل چوہدری رحمت علی کمیونٹی سنٹر میں جمع ہوںگے۔ آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے آرگنائزر علامہ پیر عبیداحمد ستی کے مطابق اسلام آباد کی 500 میلاد کمیٹیوں ، 300سیرت کمیٹیوں، انجمنوں مذہبی ، سیاسی اور سماجی تنظیمات پر مشتمل مرکزی جلوس پولیس گرائونڈ کے مرکزی اجتماع میں جمع ہوںگے جہاں پر افتتاحی تقریب ہو گی،صدارت خواجہ ابوالخیر، پیر محمد عبداللہ جان مرشد آباد شریف پشاور کریں گے۔ جبکہ عالم مبلغ اسلام خواجہ ابو جمال پیر محمد بدر عالم المعروف میاں گل مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ افتتاحی کانفرنس میں علامہ سید امتیاز حسین شاہ کاظمی، مولانا عبدالغنی نقشبندی،پیر سید محمد علی واسطی، پیر عبید احمد ستی، پیر سید محمد جہانگیر شاہ سعیدی، ڈاکٹر میاں عبدالقادر سکندری، مولانا محمد عارف نقشبندی، مولانا احسان قادر نعیمی، ڈاکٹر محمد سلیم سعیدی، پیر غلام ربانی اختر القادری خطاب کریں گے۔جلوس کا آغاز 11 بجے صبح کر دیا جائے گا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دربار سید سخی محمود بادشاہ پر پہنچے گا وہاں پر میلاد مصطفی کانفرنس منعقد ہو گی جس سے ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی، ممتاز احمد ضیاء نظامی، اقبال نعیمی، خطیب مصطفائی سمیت وفاقی وزراء ، اراکین پارلیمنٹ خطاب کریں گے۔ اختتامی دعا خواجہ ابوالجمال، پیر محمد بدر عالم جان بدرفرمائیں گے۔