سرکار دوعالمؐ کی آمد سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں عظیم انقلاب برپا ہوگیا:صدر
اسلام آباد (آئی این پی) سرور کائنات ، ہادی برحق حضرت محمدؐ کی آمدکے اس سعید دن پر میں ملتِ اسلامیہ کو بالعموم اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد دیتا ہوں اور بارگاہِ ایزدی میں دعا گو ہوں کہ یہ ماہِ بابرکت ہم سب کے لیے باعثِ رحمت و بخشش ثابت ہو، آمین۔ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت محمدؐ کو پوری انسانیت کے لیے آخری کامل رہنما او رمعلم بناکر بھیجا۔ سرکار دوعالم کی آمد اور ان کی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہوگیا ۔ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات نبوی ؐ پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تاکہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی فلاحِ انسانیت کا دارومدارسرکاردوعالم ؐ کی تعلیمات و اُسوۂ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔