جشن میلادالنبیؐ آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا
ملتان(نامہ نگار خصوصی‘ لیڈی رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندوں سے) ملک بھر کی طرح ملتان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوںمیں بھی جشن میلادالنبی ﷺ آج مذہبی جوش و خروش کیساتھ منایا جائے گا۔اس روز جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔انجمن اسلامیہ ملتان کے زیر اہتمام نوے سالہ قدیمی تاریخی جلوس آج بدھ کو صبح نو بجے شوکت حسین اسلامیہ کنڈر گارٹن سکول دولت گیٹ سے نکالا جائے گا۔ جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی صدر انجمن اسلامیہ مخدوم سید تنویرا لحسن گیلانی مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی ، مخدوم سہیل حسن گیلانی ،مخدوم سید راجن بخش گیلانی، مخدوم سید زوہیب گیلانی و دیگر کریں گے۔ متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام جشن میلاد النبی کے سلسلے میں آج 15جلوس نکالے جائیں گے جس کی قیادت متحدہ میلا دکونسل کے مرکزی و دیگر قائدین کریں گے بتایا جاتا ہے کہ جشن میلادالنبیؐ کمیٹی مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ملتان صبح 8 بجے 47ویں سالانہ جلوس جشن میلادالنبیؐ کا اہتمام کرے گی جو ملتان شہر میں 21 ربیع الاول کا مرکزی جلوس ہوگا۔ جلوس کی قیادت صاحبزادہ قاری ناصر میاں خان نقشبندی،مرکزی رہنما مرکزی جماعت اہل سنت پاکستان ،صاحبزادہ قاری احمد میاں خان نقشبندی مرکزی نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان اور علماء و مشائخ اہل سنت کریں گے۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق ملک بھر کی طرح کوٹ ادو میں بھی جشن میلادالنبی آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا،سبز پرچموں کی بہار،ریلوے روڈ کو دلہن کی طرح سجادیا گیا،شہر بھر میں چراغاں،مختلف مقامات سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی،سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ کبیروالا سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں نبی کریمؐ کا یوم ولادت آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ جماعت اہل سنت‘ انجمن طلباء اسلام‘ سنی تحریک‘ مرکزی میلاد کمیٹی‘ انجمن نوجوانان اہل سنت‘ تنظیم السعید پاکستان‘ میلاد کونسل اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام جشن میلادالنبیؐ کا مرکزی جلوس 9 صبح مرکزی دینی درسگاہ جامعہ غوثیہ مہریہ نوریہ جھنگ روڈ نزد چونگی مخدوم پور سے نکالا جائے گا۔ دھنوٹ سے نامہ نگار کے مطابق آج صبح 9 بجے جشن میلادالنبیؐ کا جلوس المصطفی پٹرولیم پمپ دولت شاہ والا سے شروع ہو گا۔ جشن میلادالنبیؐ کے پُرمسرت موقع پر پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ضلع ملتان کے بھی بازاروں‘ مساجد اور اہم عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا۔ ہر طرف بچے‘ بوڑھے‘ جوانوں نے اپنے سینوں کو نعلین مبارک کے نقش سے آراستہ بیجوں سے سجایا۔ ہر طرف درود و سلام کی سحر انگیز صدائیں فضا کو معطر کر رہی ہیں۔ والدین نے اپنے بچوں کے ہمراہ بیج‘ ٹوپیاں‘ جھنڈے خریدے۔ بازار میں خریداری کرتے ہوئے فیضان‘ جمشید‘ علی رضا اور نعیم ببلو نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہم امت محمدؐ میں ہیں۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ بلاشبہ مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے مگر اسکے باوجود عشق مصطفیؐ کے دیوانے اور پروانے جوق در جوق اشیاء کی خریداری کر رہے ہیں جس سے ہمارے گھروں کے چولہے بھی جل رہے ہیں۔ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی نسلوں کی تربیت کرنی چاہیے جبکہ جشن میلادالنبیؐ کے سلسلے میں آج ڈسٹرکٹ بار ہال میں صبح 11 بجے نعت خوانی ہو گی جس کے اختتام پر جیتنے والے وکلاء کو انعامات اور عمرہ کے ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ اس موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے ممبر نعیم قریشی ایڈووکیٹ کی دستار بندی کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر 500 پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے جشن میلادالنبی ؐ کے موقع پر آج بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور میپکو ہیڈ کوارٹر میں قائم پاورکنٹرول سنٹر کو الرٹ کردیاہے ۔ جلوسوں کی گزرگاہوں سے راستے کلئیر کردئیے گئے ہیں اور روٹس پر میپکو لائن سٹاف کی ٹیمیں جلوسوں کے ہمراہ رہیں گی ۔ پولیس نے بھی جشن میلادالنبیؐ کے موقع پر سکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ تمام پروگراموں پر بھاری نفری تعینات۔ تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ 2019 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ایلیٹ فورس جلوس کے روٹس پر گشت کرے گی۔ خفیہ نگرانی کے لئے اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ٹریفک پولیس جلوس روٹس پر پارکنگ کا انتظام کرے گی۔ جلوس کے نزدیک 200 گز کے فاصلہ پر کسی قسم کی گاڑی کو پارک نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے 12 ربیع الاول کے موقع پر انتظامات و جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرآفس ملتان 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی نگرانی کے لئے محکمہ مال کے ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف کی بھی ڈیوٹی لگا دی ہے۔