نیب نے تحریک انصاف کے ایم این اے احمد حسین ڈیہڑ کیخلاف انکوائری تیز کر دی
ملتان (نمائندہ خصوصی) نیب ملتان بیورو نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہڑ کے خلاف انکوائری تیز کر دی ہے۔ نیب کی جانب سے حتمی مراسلہ جاری ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس ملتان نے ملک احمد حسین کی آبائی جائیداد اور زرعی اصلاحات کے تحت حکومت کے نام منتقل ہونے والی اراضی کی تفصیلات مرتب کرنا شروع کر دی ہیں جو کہ کل بروز جمعرات نیب انکوائری آفیسر کو پیش کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے نیب ملتان بیورو نے پاکستان تحریک کے ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہڑ کے خلاف سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال‘ ناجائز اثاثہ جات اور زرعی اصلاحات کی اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام ٹرانسفر کروانے کی انکوائری کر رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس سے ملک احمد حسین ڈیہڑ کے والد کے نام اصل پراپرٹی‘ زرعی اصلاحات کے تحت ضبط ہونے والی پراپرٹی اور ملک احمد حسین کی جانب سے فروخت ہونے والی پراپرٹی کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ اس حوالے سے ڈی سی آفس ملتان کو حتمی مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس نے ملک احمد حسین ڈیہڑ کی پراپرٹی کی تفصیلات مرتب کرنا شروع کر دی ہیں۔