جشن میلادالنبیؐ پر آج ہمیں مکمل اتحاد کی فضا برقرار رکھنا ہوگی: مخدوم جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عید میلادالنبیؐ شایان شان طریقہ سے منانا عین عبادت ہے اور اہالیان ملتان کو فخر ہے کہ انجمن اسلامیہ یہ فریضہ گذشتہ 90سال سے ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر انجمن اسلامیہ کے صدر مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی اور دیگر عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ آج 12ربیع الاول کے موقع پر بھی ہمیں امن، محبت، بھائی چارہ کی فضا کو برقرار رکھنا چاہئے۔ مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں 12ربیع الاول کے موقع پر مکمل اتحاد کی فضا برقرار رکھنا ہوگی۔ تقریب میں سید احمد مجتبی گیلانی، سید عامر حسن گیلانی، سید عمران گیلانی، اظہر بلوچ، احمد کامران مگسی، ملک عاشق، ملک سجاد، شفقت قادری، محمد ادریس بٹ، سرور شاہ بخاری، ملک ارشد، ملک نذیر کھوکھر، طلحہ سمیت جلوس نکالنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔