ڈاکٹر یاسمین راشد نے غذائی کمی کا شکار بچوں کے دوبحالی مراکز کا افتتاح کر دیا
لاہور( کامرس رپورٹر )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے غذائی کمی کا شکار بچوں کے2 بحالی مراکز کا افتتاح کردیاہے۔ یہ سٹیبلائزیشن سنٹر کاہنہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال میں قائم کئے گئے ہیں۔ بحالی مراکز حالیہ سروے میں غذائیت کا شکار افراد کی نشاندہی کے بعد قائم ہوئے ہیں۔ وزیر صحت نے کاہنہ بحالی مرکز میں غذائی سپلیمنٹ سے تندرست ہونے والے بچوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو میں انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں سٹیبلائزیشن سنٹرز کی تعداد42 سے بڑھا کر 52 کر دی گئی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ، امیر الدین میڈیکل کالج کے کیمپس و ہاسٹلز او ر جنرل ہسپتال کی رہائشی کالونی و دیگر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پوراکرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ ان سے وابستہ افراد کو بہتر سے بہتر ماحول میسر ہو سکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔