پاکستان کی عزت سلامتی اولین ترجیح، دہشتگردی کیخلاف جنگ کی سب سے زیادہ قیمت چکائی دنیا قربانی تسلیم کرے : آرمی چیف
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی سب سے زیادہ فوجی، اقتصادی، سیاسی اور سماجی قیمت چکائی لہٰذا دنیا ہماری اس قربانی کو تسلیم کرے۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی اور علاقائی امن کیلئے کام کیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں کسی بھی ملک سے زیادہ امن کیلئے کردار ادا کیا۔ ہم افغانستان میں امن کیلئے کردار جاری رکھیں گے لیکن پاکستان کی عزت اور سلامتی ہمیشہ اولین ترجیح رہے گی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ میں ہونے والی مشق کمبرین پٹرول میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاک آرمی کی ٹیم نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کی ٹیم 3 افسران سمیت 11 ارکان پر مشتمل تھی۔ آرمی چیف نے چھٹی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے پر پاک فوج کی ٹیم کو مبارکباد دی۔