حضوراکرمؐ کی زندگی پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ‘ محمد حسین محنتی
کراچی( نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حضوراکرمؐ کی زندگی پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ،انسانیت کی بقاء ذکر مصطفیؐ میں مضمر ہے کیونکہ آپؐ کو پورے عالم کیلئے رحمتہ للعالمین بناکر بھیجا گیا،عشق مصطفی کا تقاضہ ہے کہ نہ صرف اپنی زندگی کو سنت نبویؐ سے منور بلکہ مہنگائی،بدامنی، بیروزگاری سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجد کو تیز کیا جائے۔12ربیع الاول کو عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حب رسولؐ کا تقاضہ ہے کہ آپ ؐ کی لائی ہوئی شریعت پر عمل کرکے دنیا وآخرت میں سرخروئی حاصل اور معاشرہ کو امن وسکون کا گہوارہ بنایاجائے۔اتباع رسولؐ کے بغیر کھوکھلے دعووں کی وجہ سے آج پوری انسانیت مسائل کا شکار اور امت رسولؐ عالم کفر کے نرغے میں ہے، اسلئے نجات کا واحد حل زندگی کے ہر دائرے میں قرآن وسنت پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔