ایون فیلڈ ریفرنس: نیب ٹیم شریف فیملی کیخلاف تحقیقات کیلئے لندن جائے گی
اسلام آباد (نوخیز ساہی‘ نیشن رپورٹ) نیب کی دو رکنی ٹیم سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کیخلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے حوالے سے تحقیقات کیلئے لندن جائے گی۔ دی نیشن کو باخبر ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے نیب کے دو افسروں سلطان نذیر اور عمران ڈوگر نے برطانیہ کا ویزا بھی حاصل کرلیا ہے اور دونوں افسر اگلے ہفتے انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ اس حوالے سے برطانیہ کی اینٹی کرپشن ایجنسی کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں مدد کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم لندن میں بعض اہم گواہوں کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی جبکہ ٹیم مقدمہ کے اہم کرداروں حسین اور حسن نواز کا بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی یہ پہلی ٹیم ہے جو برطانیہ کا دورہ کررہی ہے جبکہ اس سے پہلے بھی میڈیا میں نیب ٹیم کے دورہ برطانیہ کی باتیں گردش کرتی رہی ہیں۔