پاکستان نے نئے ڈومیسائل قانون کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے حقوق سے مزید محروم کرنے کے بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس قانون کو مسترد کردیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان عائشہ فاروقی نے اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران میں کہا کہ ڈومیسائل قانون مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارتی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کے عوام کے خلاف غیر انسانی مظالم اور بھارت میں اقلیتی برادریوں کے خلاف امتیازی سلوک کی مذمت کی جارہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کل جاری ہونیوالے اسلامی تعاون تنظیم کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں گزشتہ سال پانچ اگست کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے اقدامات کی مذمت کی گئی ہے۔