عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں‘ مصطفی کمال
کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں وہ پی ایس پی جس کے پاس ایک کونسلر تک نہیں ہے وہ عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے لیکن وزراء اور گورنروں کی سیاسی جماعتیں کہیں نظر نہیں آرہیں۔ عوام اعتراف کررہی ہے کہ مسئلہ کبھی بھی اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ پی ایس پی نے لسانیت کے بت کو توڑ کر بھائی کو بھائی سے ملایا ہے یہی وجہ ہے کہ آج عوام جوق در جوق پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والے جبل پور کمیونٹی کے وفد کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بیشتر عوامی مسائل اٹھارویں ترمیم میں مزید ترمیم کرکے حل کیے جاسکتے جس میں پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء شامل ہے تاکہ اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل ہوں۔